سلیم البیلا اور گوگا پسروری کا آغوش آرفن کئیر کمپلیکس ، منہاج یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ
لاہور ( ایس آر ٹی وی رپورٹ ) پاکستان کے نامور کامیڈین اور البیلا ٹی وی کے روح و رواں سلیم البیلا اور گوگا پسروری کا آغوش آرفن کئیر کمپلیکس ، منہاج یونیورسٹی لاہور کا تفصیلی دورہ
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن برطانیہ کے کیمونٹی آفیسر قاضی مدثر ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن منہاج یونیورسٹی شہزاد رسول، ڈائریکٹر آغوش کرنل (ر) مبشر نے آنے والے مہمانوں کا استقبال کیا ،
سلیم البیلا اور گوگا پسروری آغوش آرفن کمپلیکس میں بچوں کے ساتھ گھل مل گئے بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں
منہاج یونیورسٹی دورہ پر Shaykh ul Islam Institute of Spiritualism ، روبوٹک لائبریری کے ساتھ مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد سے بھی ملاقات کی۔ سلیم البیلا اور گوگا پسروری نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے ہونے والی دینی اور دنیاوی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور اُن کے صاحبزادگان نے قران پاک کی تفاسیر سے لے کر دین کی سوجھ بوجھ کی لکھی گئی کتابوں میں اس آسان طریقے سے بیان فرمایا ہے کہ آج ہماری نوجوان نسل اُن تحریروں سے استفادہ حاصل کر رہی ہے، مہمانوں کا کہنا تھا کہ منہاج القران ویلفیئر فاونڈیشن نے بھی دُنیا بھر میں ایسے پروگرامز ترتیب دیئے ہیں جو اصلاحی پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیئے جاتے ہیں جن میں مسلمان اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کرتے ہیں اور دل کھول کر چیرٹی کرتے ہیں جو حق داروں تک انتہائی چیک اینڈ بیلنس کے ساتھ پہنچی ہے ، سلیم البیلا اور گوگا پسروری نے کہا کہ ہم ساری دُنیا کا وزٹ کرتے ہیں اور تمام ممالک میں ہمیں ادارہ منہاج القران کی خدمات دکھائی دیتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم اس ادارے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور تعلیمی اعتبار سے منہاج القران یونیورسٹی جس تیزی سے نئی نسل کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ اور اس پلیٹ فارم کو اجاگر کرنے کا جو بیڑہ منہاج القران نے اٹھا رکھا ہے وہ قابل ستائش ہے ، ان کا کہنا تھا جس طرح ہم فنکار ہیں اور ہمارا فن قوم کی امانت ہوتا ہے ہماری خواہش ہوتی ہے کہ یہ فن دوسروں تک پہنچتا رہے اور سب کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھری رہیں اسی طرح منہاج القران کا طرہ امتیاز بھی یہی ہے کہ تعلیم ہر فرد کا حق اُس تک پہنچنا چاہیئے اور منہاج القران اس امانت کو مختلف طریقوں سے عوام الناس تک پہنچا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ گوشہ درود ﷺ میں ہر وقت حضرت محمد ﷺ پر درود پاک تحفہ بھیجتے رہنا بھی کسی طرح کی برکتوں سے کم نہیں ، اُن کا کہنا تھا کہ آج یہاں آکر دل کو سکون محسوس ہوا ہے ، بچوں کو مل کر بہت خوشی ہو رہی ہے کیونکہ کل کو یہی بچے منہاجین کہلائیں گے ، علامہ کی ڈگریاں لیں گے اور اپنا مستقبل تابناک بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے لیکن جب آپ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کریں گے تو اس دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کے بعد دوسری دنیا میں بھی سرخرو ہوں گے ۔ سلیم البیلا اور گوگا پسروری نے کہا کہ ہم یہاں سے جا رہے ہیں لیکن ہمارا ذہن اور دل یہیں رہ گیا ہے ۔



