ارجن کپور نے ملائیکہ اروڑا سے علیٰحدگی کی تصدیق کردی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی وڈ اداکار ارجن کپور نے آخرکار ملائیکہ سے تعلقات ختم ہونے کی تصدیق کردی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرِ گردش تھی جو ہندو تہوار دیوالی کی ایک تقریب کی ہے جس میں ارجن سمیت ان کی نئی آنے والی فلم ‘سنگھم اگین’ کے ساتھ اداکار اجے دیوگن اور دیگر شریک تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب ارجن نے ہاتھ میں مائیک پکڑا اور وہ کچھ کہنے لگے تو وہاں موجود کراؤڈ نے ملائیکہ ملائیکہ کی آوازایں لگانا شروع کردیں۔
ارجن نے آوازیں سنتے ہی کہا ‘ابھی سنگل ہوں میں’، ساتھ ہی اداکار مسکرا دیئے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی پیجز نے مذکورہ ویڈیو شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ ارجن اب ملائیکہ کے ساتھ نہیں اور دونوں میں علیٰحدگی ہوچکی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ارجن نے باضابطہ طور پر اپنے اور ملائیکہ کے رومانوی تعلق پر کچھ ردعمل دیا ہو، اس سے قبل نہ ہی دونوں کی جانب سے اپنے رشتے کی براہِ راست تصدیق کی گئی نہ ہی تردید کی گئی۔
گزشتہ کئی عرصے سے دونوں کے درمیان بریک اپ کی خبریں تھیں لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
بعدازاں حال ہی میں جب ملائیکہ اروڑا کے والد نے خودکشی کی تو ارجن ان کے ہمراہ آخری رسومات میں شریک تھے۔